بھٹکل ،13؍ جولائی (ایس او نیوز) سینئر کانگریسی لیڈر بی کے ہری پرساد نے یہاں کانگریسی ہیلپنگ ہینڈ پروگرام میں شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی بی جے پی حکومت پر سیدھا نشانہ سادھا اور کہا کہ کووڈ وباء پر قابو پانے میں حکومت بری طرح ناکام رہی ہے۔
ہری پرساد نے وزیر اعظم نریندرا مودی پر تیکھا وار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ موٹ کے ناٹک کرکے وزیر اعظم ملک کے عوام کو کھلا دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 130 کروڑ کی آبادی میں ابھی تک محض 24 کروڑ کووڈ ٹیکے لگائے گئے ہیں اور ملک میں ہر جگہ ٹیکہ کی قلت رہنے کے باوجود وزیر اعظم "ٹیکہ تہوار" منانے کی بات کہہ رہے ہیں۔ یہ سراسر جھوٹ ہے اور عوام کے ساتھ فریب ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پر براہ راست الزام لگاتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیتنے کے مقصد سے ملک میں مسلسل ریالیاں کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کووڈ وباء بڑھانے کا کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں کووڈ سے مرنے والوں کی 20 ہزار لاشیں ندیوں میں بہائی گئیں ہیں۔
ہری پرساد نے ریاستی حکومت کے تعلق سے کہا کہ وہ کووڈ پر قابو پانے میں سرگرم رہنے کے بجائے ایڈی یورپا کی کرسی بچانے میں مگن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے جس کسی کی بھی ہو، عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا اس کی پہلی ذمہ داری ہے۔ ایسے میں لوگوں کی جان کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے اور ان کی صحت سے متعلقہ مسائل میں موجودہ حکومت ہاتھ باندھ کر بیٹھ گئی ہے۔ ماہرین کی طرف سے کووڈ دوسری لہر کی پیشگی وارننگ دینے کے باوجود مرکزی حکومت نے اس سے نمٹنے کی کوئی تیاری نہیں کی تھی۔ پہلی لہر کے دوران وزیر اعظم کی طرف سے اچانک لاک ڈاون نافذ کیے جانے کے بعد بنگلورو کے 40 لاکھ مہاجر مزدور مصیبت میں پھنس گئے تھے۔ کتنے ہی مزدوروں کی موت واقع ہوگئی ۔ مزدوروں کی زندگی وبال بن گئی تب بھی حکومت کی طرف سے ان کی کوئی مدد نہیں کی گئی ۔ دوسری لہر کے دوران بھی مزدوروں کی یہی حالت رہی اور انہیں کسی طرح کی مدد فراہم نہیں کی گئی۔ یہی حال کووڈ کی وجہ سے موت کا شکار ہونے والوں کا ہے۔ حکومت نے عوام کی مصیبتیں دور کرنے کے لئے اقدامات نہیں کیے۔ اسی وجہ سے کانگریس پارٹی کی طرف سے 'ہیلپنگ ہینڈ' پروگرام وضع کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے متاثرین اور غریبوں کے لئے انصاف دلانے کا کام کیا جائے گا۔
کانگریس بلاک کانگریس صدر بھیمنا نائک نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ پروگرام کے تحت تمام تعلقہ جات میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور گھر گھر جا کر متاثرین کا حال جاننے اور ان کی مدد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے سابق اراکین اسمبلی اور دیگر لیڈروں نے کورونا متاثرین کی بہت مدد کی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری اسپتالوں کو میڈیکل کٹس بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔
سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی والوں کا کام صرف جھوٹ بولنا ہے۔ وزراء اور اراکین اسمبلی بدعنوانی سے پیسہ کمانے میں ہی دن گزار رہے ہیں۔ انہیں غریبوں کی مشکلات نظر نہیں آتیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے جو کام نہیں کیا ہے وہ کانگریس پارٹی کی طرف سے کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ کورونا سے ہلاک ہونے والے لوگوں کے بچوں کی تعلیم کا خرچ میں ذاتی طور پر ادا کروں گا۔
سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، کے پی سی سی آبزرور جی اے باوا نے بھی خطاب کیا ۔ اسٹیج پر کے پی سی سی جنرل سیکریٹری وی ایس آردھیہ، مسرز ویرونیکا، سابق وزیر آر این نائک، ضلع پنچایت سابق صدر جئے شری موگیر، ضلع اقلیتی سیل کے صدر عبدالمجید، سینیئر لیڈر راما موگیر، بھٹکل بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک اور دیگر لیڈران موجود تھے۔